34

عام انتخابات سے قبل ن لیگ کا انٹراپارٹی انتخابات کروانے کا فیصلہ

عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن نے انٹراپارٹی انتخابات کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق انتخابات 16 جون بروز جمعہ کو ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کے چناؤ کےلیے انتخابی عمل جمعہ کو سہ پہر ڈھائی بجے پارٹی سیکرٹریٹ میں ہوگا۔ نواز شریف بدستور پارٹی قائد کے عہدے پر فائض رہیں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو جائیں گے۔ احسن اقبال کا دوبارہ سیکرٹری جنرل کے عہدے پر قائم رہنے کا قوی امکان ہے۔ خواجہ سعد رفیق اور سردار ایاز صادق کو بھی پارٹی عہدے دیے جانے کا قوی امکان ہے۔

پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز انتخابی عمل میں بلامقابلہ چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر منتخب ہوں گی۔ حمزہ شہباز کو بھی پارٹی کا سینئر نائب صدر بنائے جانے کا امکان ہے۔ تاہم شاہد خاقان عباسی کے پارٹی عہدہ لینے یا نا لینے کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا۔