61

کراچی میں طوفانی ہوائیں شروع

کراچی: شہر قائد میں طوفانی ہوائیں چل پڑیں، ہوا کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جس کے 60 کلومیٹر تک بڑھنے کا امکان ہے، تیز ہوا سے درخت اور بل بورڈ گرنے کا خدشہ ہے۔

 طوفان بائپر جوائے کا کراچی سے فاصلہ کم ہوگیا جس کے سبب شہر قائد طوفانی ہواؤں کے زیر اثر آگیا، شدید طوفانی اور گرد آلود ہوا کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور لوگ فوری طور پر اپنے گھروں کا رخ کررہے ہیں۔

 


 

تیز ہوا کے ساتھ معمولی سی بوندا باندی بھی ہوئی۔ ہوا کے سبب موٹر سائیکل سواروں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے، تیز ہوا سے بائیک لہرا رہی ہیں اور گرد کے سبب حد نگاہ کم ہورہی ہے۔ شہر میں آئے گرد کے طوفان کی شہریوں نے ویڈیو اور تصاویر بناکر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا شروع کردی ہیں جو کہ وائرل ہورہی ہیں۔

خبر میں دی گئی ایک ویڈیو سہراب گوٹھ کی ہے جہاں تیز ہوا اور گرد کے طوفان کی وجہ سے لوگوں نے گاڑیاں اور بائیکس سڑک کنارے کھڑی کردیں۔