دبئی: آئی سی سی نے ٹیموں اور کھلاڑیوں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی پیسر حسن علی بولرز اور محمد حفیظ آل راﺅنڈرز جب کہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی بیٹسمینوں میں سرفہرست ہیں۔
آئی سی سی نے ایک روزہ میچز کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں ٹیم رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، جنوبی افریقی ٹیم 121 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، سری لنکا آٹھویں، ویسٹ انڈیز نویں، افغانستان دسویں، زمبابوے گیارہویں اور آئر لینڈ بارہویں نمبر پر موجود ہے۔
بیٹسمینوں میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی 876 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، اے بی ڈویلیئرز دوسرے، ڈیوڈ وارنر تیسرے، بابر اعظم چوتھی پوزیشن پر برقرار ہیں، سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے روہت شرما 2 درجے ترقی کرتے ہوئے ٹاپ 5 میں آ گئے ہیں، کوانٹن ڈی کک، جوئے روٹ ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چھٹے اور ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں، فاف ڈوپلیسی آٹھویں، ہاشم آملہ نویں اور کین ولیمسن دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن تک کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، حسن علی 759 پوائنٹس کے ساتھ بدستور نمبر ون ہیں، عمران طاہر، جسپریت بمراہ، جوش ہیزل ووڈ، کاگیسو ربادا، مچل سٹارک اور ٹرینٹ بولٹ بالترتیب دوسرے سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ راشد خان، سنیل نارائن اور لیام پلنکٹ ایک ایک درجہ بہتری کے ساتھ بالترتیب آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
آل راونڈرز میں بولنگ ایکشن پر پابندی کا شکار پاکستان کے محمد حفیظ ٹاپ پرموجود ہیں، بنگلا دیش کے شکیب الحسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں، اینجلو میتھیوز دو درجے بہتری کے ساتھ تیسرے، محمد نبی اور بین اسٹوکس ایک ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چوتھے اور پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔