48

آئی ایم ایف کی تمام شرائط کو من وعن تسلیم کرلیا ہے، شہبازشریف

اسلام آباد : وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط کو من وعن تسلیم کرلیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی، انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پرعمل درآمد کے باوجود تاحال اسٹاف لیول ایگریمنٹ سائن نہیں ہوا، اب یہ معاملہ آئی ایم ایف بورڈ میں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نےآئی ایم ایف معاہدے کی دھجیاں بکھیر دی تھیں، پھر بڑی مشکل سے آئی ایم ایف معاملات طے کیے، گزشتہ سال جو سیلاب آیاتباہ کن تھا اس نے بھی معیشت کو بےپناہ نقصان پہنچایا، کابینہ کے ممبران نے بحالی،ریلیف کیلئے دن رات کوششیں کیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب سے ذمہ داری سنبھالی ہے سب سے پہلا امتحان آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا تھا، اب ہم دوبارہ آئی ایم ایف کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھے ہیں اور اس کی تمام تر شرائط کو پر مکمل عمل درآمد بھی کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کےایم ڈی سے تقریباً ایک گھنٹہ فون پربات ہوئی ، ایم ڈی آئی ایم ایف نے1،2مزید شرائط بتائی وہ بھی پوری کردیں، اب کوئی ایسی چیز نہیں باقی بچی جو آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹ بنے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی باگ دوڑسنبھالی تو گزشتہ حکومت نے معیشت کاجنازہ نکال دیا تھا، سیلاب سے معیشت کو تقریباً30ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، یوکرین کرائسز کے نتیجے میں عالمی منڈی میں اشیاء کی قیمتیں بڑھیں۔