35

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں اضافہ کیاجائےگا،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہےاندازہ ہےمہنگائی نےعام آدمی کی مشکلات بڑھادی ہیں،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اورپنشن میں اضافہ کیاجائےگا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ عوام کی مشکلات کااحساس ہے،عوامی مسائل حل کرنےپرتوجہ ہے،اندازہ ہےمہنگائی نےعام آدمی کی مشکلات بڑھادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹےکسانوں کیلئےبلاسودقرضوں کےپروگرام میں توسیع کی جائےگی، حکومت زرعی شعبےاورآئی ٹی کی جدت پرخطیرسرمایہ کاری کرےگی،وزیرِاعظم نے معاشی ٹیم کی معیشت کےاستحکام اورترقی کیلئےکوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کیلئےخدمات قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے۔

کابینہ آئندہ مالی سال 2023-24 کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے گی، 24 مئی، 5 اور 7 جون کے ای سی سی اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق بھی لی جائے گی۔

اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی قیادت میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد بجٹ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔ بی اے پی نے حکومت کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے بلوچستان عوامی پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی آئندہ ہفتے میں تفصیلی مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے، بلوچستان عوامی پارٹی نے اتحادی حکومت کے ہر فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔