36

ایسا بجٹ نظر آئے گا جو قوم کی معاشی مشکلات کو کم کریگا، بلال کیانی

وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال کیانی کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت سخت اقدامات نہ اٹھاتی تو ملک ڈیفالٹ کرچکا ہوتا، شدید مشکلات کے باوجود آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کیں، ایسا بجٹ نظر آئے گا جو قوم کی معاشی مشکلات کو کم کریگا۔

ان کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی ترجیح کمزور طبقات کو مدد فراہم کرنا ہے، شدید مشکلات کے باوجود آئی ایم کی تمام شرائط پوری کیں، موجودہ حکومت یہ اقدامات نہ اٹھاتی تو ملک پہلے ڈیفالٹ کرچکا ہوتا، وہ اقدامات اٹھائے جس سے کاروبار میں اضافہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ گندم کی 2 کروڑ 76 لاکھ ٹن کی بمپر کراپ ملی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم بڑھادی گئی ہے، ایسا بجٹ نظر آئے گا جو قوم کی معاشی مشکلات کو کم کرے گا، وزیراعظم نے دیگر شعبوں کے ساتھ خود اجلاس کئے، ہر شعبہ سے تجاویز لیں۔

بلال کیانی کا کہنا ہے کہ امید کررہے ہیں مہنگائی میں آہستہ آہستہ کمی آئے گی، عالمی سطح پر مہنگائی بھی اس کی ایک وجہ رہی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، پھر خود عوام دشمن آئی ایم ایف پروگرام شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں 4 وزیر خزانہ تبدیل کئے گئے، جب کرسی جاتی نظر آئی تو پاکستان کو ڈیفالٹ کے خطرے میں ڈال دیا، ہمیں انہی کے کئے ہوئے سب اسٹینڈرڈ آئی ایم ایف پروگرام پر چلنا پڑا، ہمیں پتہ ہے فیصلے شارٹ ٹرم نہیں طویل مدتی کرنے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ ٹریڈ خسارہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوگیا، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے اقدامات دیکھیں گے، مسلم لیگ ن جو 2017ء میں کرنا چاہتی تھی وہ اقدامات کئے۔