69

پولیس میرے ملازمین کو مار پیٹ کرکے مرضی کا بیان لینا چاہتی ہے،شیخ رشید

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رات بارہ بجے میرے گھر ایلیٹ فورس دروازہ توڑ کر اندر آئی اور ملازمین کو تشدد کا نشانہ بناکر بیان ریکارڈ کروایا، ملک میں جنگل کا قانون ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے میرے اسلام آباد گھر میں ایلیٹ فورس دروازے توڑ کر دوباره داخل ہوئی، 31 مئی کو فورس کے تشدد سے زخمی ہونے والے ملازمین کو مار پیٹ کر زبردستی بیان ریکارڈ کروایا گیا کہ ہم پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔

شیخ رشید نے کہا کہ پولیس یہ سب، جج طاہر عباس سپرا کی طرف سے 9 جون کو پولیس کو دیے گئے نوٹس کی وجہ سے کر رہی ہے، صبح چار بجے سفید کپڑوں میں ملبوس فورس نے میری والدہ کے گھر سوئے ہوئے لال حویلی کے ملازمین پر بے جا تشدد کیا، محلے والوں نے سادہ کپڑوں کی فورس سے انہیں چھڑوایا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، انسان کو حقیر، فقیر اور ذلیل بنا دیا گیا ہے، پولیس ذہنی مریض ہوچکی ہے، قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتا ہوں، وقت سدا ایک جیسا نہیں رہتا سدا بادشاہی خدا کی ہے۔