22

ملک کی خاطر حکومت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے،عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم نے ملک کی خاطر حکومت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے اگر گر وہ ہم سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو ہم بھی ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن کےعلاوہ اس وقت کوئی چارہ نہیں ہے، اگر کوئی یہ چاہ رہا ہے کہ ایمرجنسی لگ جائے اور انتخابات نہ ہوں تو یہ ان کی خواہش ضرور ہوسکتی ہے لیکن ہم آئین پر چل رہے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو یہ ملک کی تباہی ہوگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ ریویو اینڈ ججمنٹس آرڈر ایکٹ پر عارف علوی دستخط نہ بھی کرتے تو2 دن میں قانون بن جانا تھا۔ انھوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ عارف علوی ان کے سوالوں کے جواب نہیں دیتے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں اور انھیں پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔