32

عمران خان این آر او کیلئے انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں، شرجیل میمن

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان این آر او کیلئے انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم اپنی پارٹی کے اختلافات کی وجہ سے سندھ حکومت پر تنقید نہ کرے بلکہ اپنے اختلافات پارٹی کے اندر نمٹائے، جب وزیراعلیٰ سندھ نے مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا تھا اس وقت یہ لوگ سورہے تھے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پورے سندھ کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی، اور سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز کراچی کیلئے جاری ہوئے، اس شہر میں علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں، سندھ بھر سے لوگ علاج کرانے یہاں آتے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے، جب کہ ان کی مذاکراتی کمیٹی روپوش ہے، پی ٹی آئی چیئرمین پہلے تو کہتے تھے مر جاؤں گا ڈاکوؤں سے مذاکرات نہیں کروں گا، آج مذاکرات کیلئے کیوں بھیک مانگ رہے ہیں، اب وہ پہلے سب سے معافی مانگیں، پھر مذاکرات کا سوچیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کارکن جیلوں میں ہیں لیکن عمران خان کو کوئی پروا نہیں، وہ کارکنوں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، اب وہ انٹرنیشنل لابی سےرابطے میں ہیں اور این آراوحاصل کرنا چاہتے ہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ کیپٹل ہل حملے کے ماسٹرمائنڈ کو 18سال قید سنائی گئی ہے، جناح ہاؤس پرحملہ کرنے والوں کو سزا کیوں نہیں ہوسکتی، 9مئی کو حکومت اور اداروں نے صبر کا مظاہرہ کیا، عمران خان اپنے خاندان کیلئے این آراو مانگ رہے ہیں، حکومت نے ان لوگوں کےنام ای سی ایل پرڈال دیئے ہیں، ان کو ملک سے فرارہونے کا موقع نہیں دیں گے۔

شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو عدلیہ سے ریلیف مل رہا ہے، ایسا تحفظ آج تک کسی کو نہیں ملا، کہا گیاعمران خان صاحب مذمت کر لیجئے گا، ملزم آپ کے سامنے کھڑا ہے پھر بھی ضمانت دے رہے ہیں۔