22

9مئی کے واقعات میں ملوث ہر شخص کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،حافظ حمداللہ

حافظ حمداللہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے افراد بھی اگر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں تو انہیں بھی قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے ہی نہیں ، 9مئی کو تحریک انصاف کے غنڈوں کو عمران خان نے ملکی اور قومی اداروں پر حملہ کرنے کا کہا۔ منصوبہ بندی کے تحت فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا دو درجن سے زائد افراد کو قتل کیا گیا۔

ایبٹ آباد میں پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے کہا کہ جب ریاست پر حملہ ہو تو ریاست اپنا ردعمل ضرور دے گی، یہ کام کوئی پشتون یا بلوچ کرتا تو اس وقت سب کا ردعمل اس سے بھی سخت ہوتا۔ 

کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ابھی تک گرفتار کیوں نہیں ہوا؟ تحریک انصاف سے استعفی دینے والے اگر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہیں تو انہیں بھی گرفتار کیا جائے اورآئین کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔ 

علی وزیر کو تقریر کرنے پر 26 مہینے جیل میں رکھا اور ریاست پر حملہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی تک نہیں ہوتی۔ موجودہ حکومت  سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان کے خلاف سخت ایکشن لیں اور قانون کے تحت کارروائی کریں۔ سیاسی لوٹے جنہوں نے تحریک انصاف کو چھوڑا ہے ان کو پی ڈی ایم اورحکمران اتحاد میں شامل جماعتیں شمولیت کی دعوت نہ دیں اور نہ ہی شامل کیا جائے۔ 

جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعتیں ان لوٹوں کو پارٹی میں نہ لیں۔ پانچ سال مکمل ہونے پر عام انتخابات ہوں گے۔ پی ڈی ایم نے سیاست کو ڈبویا اور ملک کو بچایا ہے۔ عمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کر کے توڑا ہے۔