23

9 مئی کو یہ بے نقاب ہوگئے، ایسی مذمت کرنے والے کی مرمت ہونی چاہیے: مریم کی عمران پر تنقید

مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے علماء و مشائخ سے خطاب میں کہا ہے کہ عمران خان جیسی ضمانتوں کی برسات آج تک نہیں دیکھی،ریمانڈ میں کسی کی ضمانت پر رہائی نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کیخلاف جس کیس میں کارروائی شروع ہوتی ہے حکم امتناع آجاتا ہے ، عدالتوں کا مذاق بن کر رہ گیا ہے، یہاں تو ساس کی فرمائش پر فیصلے آ رہے ہیں، عدلیہ کی توہین عدلیہ کے فیصلوں اور ان کے اندر سے ہوتی ہے ۔

مریم نے کہا کہ ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ صاحب آپ لوگوں کا بھی وقت آئے گا سب کو حساب دینا پڑے گا۔

فواد چوہدری پر تنقید کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ فواد چوہدری نے جیسے دوڑ لگائی وہ 100 میٹر کی ریس جیت سکتے ہیں۔

مریم نے کہا کہ 9 مئی کو یہ بے نقاب ہوگئے،کل مذمت کر رہا تھا، ایسی مذمت کرنے والے کی مرمت ہونی چاہیے، یہ ایک دہشت گرد جماعت ہےجس نےہمیشہ تخریب کاری سےکام لیا، بانی پاکستان کا گھر جلا دیا ان کوحیا نہیں آئی، حسان نیازی نے ایک ڈنڈے پر پاک آرمی کی یونیفارم ٹانگی ہوئی تھی، ثبوت چاہیے تو حسان کی تصویر دیکھو، یاسمین راشدکی آڈیو سنو، ثبوت چاہیے تو آئینے میں اپنا چہرہ دیکھو۔

رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ عمران خان ہیں، کون سے سیاسی ورکر ہیں جن کوپیٹرول بم بنانا آتا ہے؟ خواتین جب جلوسوں کو لیڈ کرکے آرمی تنصیبات پر لے جا رہی تھیں تب وہ خواتین نہیں تھیں؟ جوخواتین دہشت گردی کریں گی انہیں کیا پھولوں کے ہار پہنائے جائیں گے؟

مریم نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے خود اعلان کیا کہ وہ شامل تھے، عمران خان کو سپورٹ کرتے ہیں،  ثبوت مجھ سےمانگو، میں دیتی ہوں ثبوت، ویڈیوز اور آڈیوز موجودہیں، کورٹ میں بیٹھ کر کہتا ہے اگر مجھے دوبارہ  گرفتار  کیا تو ردعمل آیا، اس نے پچھلے 6 ماہ میں زمان پارک میں بیٹھ کرٹریننگ دی،  پولیس جب زمان پارک سے گرفتار کرنے گئی  تو پولیس  پر پٹرول بم  پھینکےگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ساڑھے 400 کنال رشوت میں لی، یہ ٹرسٹ کیسے وجود میں آیا پہلے یہ تو بتاؤ، کیا اس ملک میں سب سے چھوٹا جرم پولیس والوں کا سر  پھاڑنا ہے، اس وقت میرا ملک مظلوم ہے،جنہوں نے ضرب عضب میں جانیں دیں آپ نے ان کی یادگاروں پر حملہ کر دیا۔

مریم نواز نے مسلم لیگ ن علماء و مشائخ ونگ پنجاب سے خطاب میں کہا کہ میری یہ آپ سے ابتدائی ملاقات ہے، مجھے ذمہ داری سنبھالے3 ماہ ہوئے ہیں،علما و مشائخ کا ونگ میری نظر میں بڑی اہمیت کا حامل ہے، ہمارےمعاشرے میں علماء و مشائخ کی بڑی قدر و منزلت ہے، ملک اس وقت ایک ایسے فتنے کی لپیٹ میں ہےجسے ملک کو تباہ کرنے کیلئے لانچ کیاگیا، ملک پر حملے کا کام ایک دشمن ہی کرسکتا ہے، دشمن ممالک سے اس فتنے کو فنڈنگ کی گئی، پاکستان کے خلاف ایک بہت بڑی سازش کی گئی ہے، یہ بہت بڑا فتنہ ہے جس کا نام عمران خان ہے، سیاست میں اپنےمخالفین کو ضرر  پہنچانے کیلئے مذہب کا نام استعمال کیا گیا، میں خود اس چیز سے گزر چکی ہوں، اپنی والدہ کی انتخابی مہم کے دوران میرےخلاف مذہب کا استعمال کیا گیا، مہم کے دوران مجھ پر مساجد سے حملے کیے جاتے تھے،  این اے 120 میں میرےخلاف بینرز اور بل بورڈز لگائےگئے، ایک مذہبی جماعت کو ساتھ ملایا گیا، ہم پر جب الزامات لگے تو نواز شریف صاحب پر جوتا اچھالاگیا۔

مریم نواز نے کہا کہ  نوازشریف کو جب نقصان نہیں پہنچا سکے تو پھر مذہب کا سہارا لیا گیا، 25 مئی کو پوری دنیا نے دیکھا کہ مذہبی ٹچ دینے کا کہا گیا، جےآئی ٹی جب زمان پارک گئی تو اسےکالے بکروں کےحصارمیں بٹھایا گیا، جہاں لوگوں کو کھانے کو دال نہیں ملتی، وہاں چھت پر گوشت جلایاجاتاہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ جو چیز ہمارا دشمن نہیں کرسکا وہ ہمارےساتھ اس فتنے کو لانچ کرکے کیا گیا، آپ جانتے بھی ہیں ریاست مدینہ کیاہے؟ وہاں کیا نظام رائج تھا؟ شہباز شریف جب مدینہ اپنا وفد لےکر گئےتھے، وہاں شرمناک حرکت کی گئی، وہ پلان طریقے سے بھیجے ہوئے لوگ  تھے جن کو کہا گیا تھا یہ کام کرناہے، اس دن سے ان کا زوال شروع ہوا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ حضرت عمر فاروقؓ کی مثال آپ دیتے تھے کہ  انھوں نے اپنی ایک چادر کا حساب دیا، جب آپ سے چوری کا حساب مانگا گیا تو پورےملک کو آگ لگا دی گئی، نواز شریف اور  دوسروں پر اس نےجو چوری کے الزامات لگائے ایک ثبوت یہ نہیں دے سکا، ان کے ظلم کی وجہ سے شرفاء نے اپنی بےعزتی برداشت کی، جب کوئی عدالت ان کو بلاتی ہےکہ الزامات کا جواب دو تو یہ بھاگ جاتاہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ جو سچا ہوتا ہے وہ نواز شریف کی طرح بیٹی کا ہاتھ تھام کر عدالت  میں  پیش ہوتا ہے، ان کو شرم نہیں آتی، اپنےاندر جھانک کر  دیکھے، میں اگر اصل بات کرنے پر آجاؤں تو ان کو منہ چھپانے کی جگہ نہ ملے،  انہوں خواتین اور بچوں کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا،  جن کی گرفتاریاں آج ہو رہی ہیں ان میں کوئی عمران خان کا رشتہ دار ہے؟ خواتین کو اپنی ڈھال کے طورپر استعمال کیا گیا،  انہوں نے لوگوں کی بے گناہ عورتوں کو جیلوں میں ڈالا،  پنکی پیرنی کو سفید چادروں کے حصار میں عدالت لے جایا گیا۔

مریم نے کہا کہ جب یہ عیش اور طیش میں تھے ان کو خوف خدا نہیں تھا، ان کا 15 سال کا پلان تھا، ان کا خیال تھا ان کو کوئی پکڑ نہیں سکتا، جو کچھ ان کے ساتھ ہورہا ہے وہ مکافات عمل ہے،  غلامی سے آزادی کی جب باری آئی تو چہرے پر کالی بالٹی چڑھا لی۔