42

پاکستان انڈر19 ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 4وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان انڈر19 ٹیم نے بنگلہ دیش انڈر 19ٹیم کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں 4وکٹوں سےہرا کر دورے کو شاندار کارکردگی پر ختم کیا۔ پاکستان انڈر19 ٹیم نے دورے کا واحد چار روزہ میچ 10 وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 1-4 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

راجشاہی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلہ دیش انڈر19 نے پہلے بیٹنگ کی اور 5 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ اوپنر جیشان عالم نے صرف 26گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

جیشان عالم نے صرف 9.1 اوورز میں معین الاسلام کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 72رنز کا اضافہ کیا۔ معین الاسلام 21رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔کپتان احرار امین نے 3 چھکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔ عارف الاسلام نے 30 رنز سکور کیے۔

پاکستان انڈر19 کی طرف سے احمد حسین نے 25 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان انڈر19 کو پہلے ہی اوور میں شاہ زیب خان کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان انڈر19 کی طرف سے شامل حسین نے67 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرنے میں مدد کی ان کی اننگز میں 7چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عرفات منہاس نے صرف 22 گیندوں کا سامنا کیا اور 41رنز سکور کیے ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

کپتان سعد بیگ نے 16 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24رنز بنائے۔ پاکستان انڈر19 نے آخری اوور کی پہلی گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔میزبان ٹیم کی طرف سے اقبال حسین نے 23رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔