اسلام آباد: پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ہیرالڈ فنگر نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی آئی ایم ایف کے دباؤ کا نتیجہ نہیں، روپے کی قدر میں مزید کمی کی گنجائش ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کا کہنا ہے کہ پاکستان کی رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد ہدف کے مقابلے میں5.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، 2018 میں حکومت نے آئی ایم ایف کا قرض پروگرام لینے کی کوئی درخواست نہیں کی، آئی ایم ایف جائزہ مشن نے آرٹیکل فور کے تحت پوسٹ پروگرام مانیٹرنگ کے لیے پاکستان کی اقتصادی کارکردگی کا جائزہ مکمل کرلیا ہے۔
جائزے کی تکمیل کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ہیرالڈ فنگر نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی آئی ایم ایف کے دباؤ کا نتیجہ نہیں، روپے کی قدر میں مزید کمی کی گنجائش ہے مگر ہمارا اس سے لینا دینا نہیں، پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال معاشی ترقی کا ہدف پورا نہیں ہوسکے گا تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔