26

پی ٹی آئی احتجاج، نویں جماعت کے امتحانات کا نیا شیڈول جاری

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے پُرتشدد مظاہروں کے باعث ملتوی ہونیوالے نویں جماعت کے امتحانات کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا، امتحانات کا دوبارہ آغاز 17 مئی سے ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، اس دوران مشتعل افراد کی جانب سے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ بھی دیکھنے میں آیا۔

امن و امان کی غیر یقینی صورتحال کے باعث پنجاب بھر کے بورڈز نے نویں جماعت کے سالانہ امتحانات ملتوی کردیئے تھے۔

پنجاب بورڈز کی جانب سے نویں جماعت کے ملتوی ہونے والے امتحانات کو ری شیڈول کردیا گیا، امتحانات کا دوبارہ آغاز اب 17 مئی سے ہوگا۔

پنجاب بورڈز کا کہنا ہے کہ نویں جماعت کے تمام امیدوار پہلے سے الاٹ شدہ امتحانی مراکز پر آئیں گے۔

امتحانی امیدواروں کو نئی رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹس سے ڈاؤن لوڈ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔