33

سابق وفاقی وزیر ملیکہ بخاری اور دیگر خواتین سمیت 7 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا

اسلام آباد پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابق وفاقی وزیر ملیکہ بخاری اور دیگر خواتین سمیت 7 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کے کارکنان اور ہمدرد ملک بھر میں احتجاج کررہے ہیں، اس دوران پرتشد واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔

اسلام آباد پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہروں پر اکسانے پر پی ٹی آئی کی تین خواتین سمیت 7 رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار خواتین رہنماؤں میں سابق وفاقی وزیر ملیکہ بخاری، فلک ناز چترالی اور مسرت جمشید چیمہ شامل ہیں جبکہ مرد رہنماؤں میں سابق وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری اور جمیشد اقبال چیمہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی ،اسد عمر،فواد چوہدری، جمشید اقبال چیمہ کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ فلک ناز چترالی،مسرت جمشید چیمہ اور ملیکہ بخاری کو بھی جیل منتقل کردیا گیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریاں قانونی تقاضے مکمل کرکے عمل میں لائی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے مزید 80 افراد گرفتار کرلئے گئے، شہر اقتدار میں گزشتہ روز سے اب تک گرفتار افراد کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مظاہرے کے دوران فائرنگ اور ریلوے اسٹیشن جلانے میں ملوث ہیں۔