25

سابق وزیراعظم عمران خان گرفتاری کے بعد نیب راولپنڈی منتقل

سابق وزیراعظم عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد نیب راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہیں رینجرز نے القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کرنے کے بعد نیب کے حوالے کر دیا ہے جس کے بعد عمران خان کو نیب راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مختلف مقدمات کے سلسلے میں لاہور سے اسلام آباد ہائیکورٹ آئے تھے۔

دوسری جانب نیب راولپنڈی نے پول کلینک اسپتال سے رابطہ کیا ہے اور اسپتال انتظامیہ سے عمران خان کے طبی معائنے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولی کلینک انتظامیہ نے نیب کو تحریری درخواست دینے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران کان کے طبی معائنے کے لیے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا ہے کہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ مذکورہ کیس میں نیب نے یکم مئی کو وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات معمول کے مطابق ہیں۔ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں نے ملک بھر کے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کر دی ہے دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے ان کی گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔