17

عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس اور رینجرز نے عدالت میں آکر حملہ کیا، شاہ محمود

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے رد عمل دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں، بھونڈے انداز میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا، عمران خان نے اسلام آباد روانگی سے قبل کہا تھا وارنٹ دکھائیں، گرفتاری دے دوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عدالت میں بائیو میٹرک کرارہے تھے، ان کی گرفتاری کے لیے پولیس اور رینجرز نےعدالت میں آکر حملہ کیا، عدالت کے شیشے توڑے گئے اور تشدد کیا گیا، عمران خان کے گارڈز پر حملہ کیا گیا، اس تشدد کا کوئی جواز نہیں بنتا، پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطے میں ہوں۔

عمران خان کی گرفتاری لندن پلان کا منصوبہ ہے، ان کی گرفتاری پر کارکنوں میں بے چینی ہے، عمران خان کی گرفتاری پر بھرپور ردعمل دیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری قابل قبول نہیں ہے، احاطہ عدالت میں غنڈہ گردی کا کوئی جواز نہیں تھا، سابق وزیراعظم کو فوری عدالت میں پیش کیا جانا چاہیئے۔

عمران خان کی گرفتاری عدلیہ کو بند کرنے کے مترادف ہے، فواد چوہدری

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پر رینجرزنے قبضہ کر لیا ہے، وکلاء کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عمران خان کی گاڑی کے گرد گھیرا ڈال لیا گیا ہے۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عوام گھروں سے باہر نکلیں، اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ کیا گیا ہے، عمران خان کی گرفتاری عدلیہ کو بند کرنے کے مترادف ہے۔

عمران خان کی گرفتاری: پی ٹی آئی کارکنوں کو لبرٹی چوک پہنچنے کی ہدایت

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے کارکنوں کو لبرٹی چوک پہنچنے کی ہدایت کردی ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ٹکٹ ہولڈر پارٹی عہدیداران اور کارکنان لبرٹی چوک پہنچیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس اور حماد اظہر نے عمران خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خن ہماری ریڈ لائن ہے جو انہوں نے کراس کر لی ہے۔

عمران کو طاقت کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، ان کو طاقت کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ فیصلہ حکومت کے گلے پڑے گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ گرفتاری سے عمران خان مزید مقبول ہوں گے، جیل جانے سےعمران خان کی سیاست مضبوط ہوگی، پاکستان ڈیفالٹ ہونے جارہا ہے۔