17

عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کیخلاف مقدمہ درج

اسلام آباد پولیس نے عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے پر تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مقدمہ میں اسد عمر، راجہ خرم نواز اور علی نواز اعوان سمیت 180 سے زائد پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور نقص امن پیدا کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ دفعہ 144کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت تھانہ مارگلہ میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق قانون کی خلاف ورزی پر 38 شرکاء کو موقع سے گرفتار کیا گیا، شرکاء منع کرنے کے باوجود کار سرکار میں مداخلت اور نقص امن پیدا کرنے کے مرتکب ہوئے۔

گزشتہ روز ہی لاہور میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی قیادت میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اظہارِ یکجہتی ریلی زمان پارک سے روانہ ہوئی۔

ریلی میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور عدلیہ کے حق میں نعرے لگائے۔ عمران خان کی قیادت میں نکالی جانے والی ریلی لکشمی چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئی۔