18

حکومت کی سپریم کورٹ اختیارات قانون کیخلاف درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا

اسلام آباد: سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق کیس میں پیش رفت ہوگئی۔

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پرویسجرل قانون کیخلاف درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کردی۔

وفاق نے درخواستوں کیخلاف آٹھ صفحات کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کیخلاف درخواستیں انصاف کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہیں، درخواست گزاروں کی قانون کو چیلنج کرنے کی نیت صاف نہیں۔

حکومت نے کہا کہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے اختیار پر کوئی قدغن نہیں، ماسٹر آف روسٹر کے تصور کو قانونی تحفظ حاصل نہیں، نئے قانون سے چیف جسٹس کا آئین کے آرٹیکل 184/3 کا اختیار ریگولیٹ ہوگا اور عدلیہ کے اختیارات میں کمی نہیں ہوگی۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ قانون میں آرٹیکل 184/3 کے اختیار میں اپیل کا حق دیا گیا ہے، آئین کا آرٹیکل10A بھی فئیر ٹرائل کا حق دیتا ہے، آرٹیکل 184/3میں نظر ثانی کا اختیار بڑا محدود ہے، اور فئیر ٹرائل کیلئے اپیل کا حق ضروری ہے۔