32

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے جھڑپ، پاک فوج کے 6 جوان شہید

شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے، 3 دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دردونی میں دہشت گردوں اور پاک فوج کے جوانوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ 2 دیگر زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 6 سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونیوالوں میں حوالدار سلیم خان (ٹانک)، نائیک جاوید اقبال (کوہاٹ)، سپاہی نذیر خان (بنوں)، سپاہی حضرت بلال (مردان)، سپاہی سید رجب حسین (اورکزئی) اور سپاہی بسم اللہ جان (خیبر) شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں اور بہادر سپاہیوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔