69

شامل تفتیش ہونے کا حکم آتے ہی عمران کو بیماری کا دورہ پڑ گیا: رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ  شامل تفتیش ہونے کا حکم آتے ہی عمران نیازی کو بیماری کا دورہ پڑ گیا دراصل عمران کو 10 دن آرام کا مشورہ اصل میں مقدمات سے بچنے کا مشورہ ہے۔

ایک بیان میں رانا ثنااللہ نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے پلستر باندھ لیا، پھر بالٹی چڑھالی اور جب ریلی نکالی تو بالکل ٹھیک تھے۔

انہوں کہا کہ عدالت اور پولیس کےسامنے نہ پیش ہونے پر معائنہ سرکاری اسپتال سے ہوتا ہے، عدالتوں میں ٹرائل شروع ہیں اور فارن فنڈڈ ایجنٹ، گھڑی چور ٹیرن کا والد بیمار ہوگیا ہے، عمران خان نے شوکت خانم سے عدالت نہ پیش ہونے کے لیے جھوٹی رپورٹ بنوائی، 10 دن آرام کا مشورہ اصل میں مقدمات سے بچنے کا مشورہ ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کی رٹ بھی مقدمات سے بچنے کے لیے تھی، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں بھی مقدمات سے بچنے کیلئے توڑیں، بالٹی، ڈبہ، ڈسٹ بن کے بعد شوکت خانم کی جھوٹی رپورٹ پیش خدمت ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا توشوکت خانم اسپتال سے طبی بہانہ آگیا، شامل تفتیش ہونے کا حکم آتے ہی عمران نیازی کو بیماری کا دورہ پڑ گیا، عمران نیازی کو توشہ خانہ، ٹیریان کے ابو، فارن فنڈنگ کے مقدمات میں جواب دینا ہے، عمران نیازی کو فارن ایجنٹی سمیت دیگر چوریوں کے مقدمات میں جواب دینا ہے، کچرے والی بالٹی سے بھی کام نہیں چلا تو مکمل آرام کا بہانہ چلا لیا تاکہ عدالت نہ جانا پڑے اور جواب نہ دینا پڑے۔