20

پختونخوا؛ 24 گھنٹوں میں بارشوں کے دوران حادثات، 4 افراد جاں بحق

 پشاور: خیبر پختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں میں ہونے والے حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق لکی مروت میں 3 جب کہ شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ اس کے علاوہ مختلف حادثات کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے جب کہ  صوبے بھر میں ایک گھر کوجزوی طور پر نقصان پہنچا۔

صوبائی محکمے کے مطابق بارشوں کے تناظر میں ضلعی انتطامیہ، ریسکیو1122 اور سول ڈیفنس کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی جا چکی ہیں، جس کے بعد بند سڑکوں کو کھلوانے کے لیے اقدامات کیے جارہےہیں اور اس صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو 26 اپریل کو مراسلہ جاری کیا تھا، جس میں بارشوں،ژالہ باری اور طغیانی کے حوالے سے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔  اس سلسلے میں عوام کے لیے پیغام جاری کیا گیا ہے کہ احتیاط برتیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کے کنڑول روم پر 1700 یا 1122 پر دیں۔