50

ون ڈے میں چوتھی پوزیشن پر کھیلنا چاہتا ہوں، محمد رضوان

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے کہا ہے کہون ڈے میچوں میں 5 نمبر پر کھیلنے سے خوش نہیں ہوں، نمبر 4 پر کھیلنا چاہتا ہوں، کپتان اور کوچ کا پلان ہے کہ میں 5 پر کھیلوں، خواہش ہے نمبر 4 پر ہی کھیلوں۔ ہمیشہ سے قربانی دے رہا ہوں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ پرانی چیزوں کو بھول کر آگے آنے والی چیزوں کو دیکھ رہے ہیں، یہاں پر مختلف ماحول صرف اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، راولپنڈی میں کنڈیشن مختلف ہوتی ہے وہاں پر زیادہ رنز بنتے ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ون ڈے کی جو ڈیمانڈ ہے اس طرح سے کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر گراٶنڈ کی کنڈیشن الگ ہے ہم اس کے مطابق پلان کر رہے ہیں، ہمارا ہدف ہے ون ڈے میں 350 رنز کا دماغ میں لے کر چلیں ، ہم چاہتے ہیں ورلڈکپ مشن میں پوری قوم ہمارے ساتھ ہو، اگر کوٸی درست تنقید کر رہا ہے تو اس میں پاکستان کی بہتری ہوگی۔

محمد رضوان نے کہا کہ ہر نمبر کی اپنی ڈیمانڈ ہے، بابر اعظم افتخار احمد کے نمبر پر نہیں کھیل سکتا اور افتخار احمد بابر اعظم کے نمبر پر نہیں کھیل سکتا، 5 نمبر پر کھیلنے سے میں خوش نہیں ہوں، میں 4 نمبر پر کھیلنا چاہتا ہوں۔ لیکن جو کپتان اور کوچ کا پلان ہے کہ میں 5 پر کھیلوں، میں اسٹیٹس وغیرہ نہیں دیکھتا میری خواہش یہی ہے کہ 4 پر کھیلوں۔ ہمیشہ سے قربانی دے رہا ہوں کبھی کسی سے شکوہ نہیں کیا، میرے لیے اہم چیز صرف پرفارمنس ہے۔

وکٹ کیپر بلے باز کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کی صفت الگ ہے اور وہ اسی طرح کھیل رہے ہیں، ٹی 20 میں آخری میچ میں ہمیں یہ سگنل ملا کہ180 رنز بنانے ہیں، اگر ہم وہ میچ جیت جاتے تو یہ باتیں نہیں ہوتی، آخری میچ میں اگر مجھ سے غلطی ہوٸی تو میں مان لیتا ہوں، پچھلی مینجمنٹ نے مجھے ون ڈے میں اوپننگ کا بھی کہا تھا، میں ہر نمبر کے لیے تیار ہوں میں نے کبھی کسی سے شکوہ نہیں کیا۔