19

لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں دہشت گردوں کے تین حملے پسپا کردیے جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے سیکیورٹی فورسز پوسٹ کے قریب خود کو اڑایا، امیر کلام اور تجبی خیل میں فائرنگ کے تبادلے میں تین مزید دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں کمانڈر موسیٰ خان بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے صوبیدار تاج میر، حوالدار ذاکر احمد اور سپاہی عابد شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار، گولیاں تحول میں لے لیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔