17

توشہ خانہ کیس، نیب نے جواب عدالت میں جمع کرادیا

  نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات میں اپنا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروادیاہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے انکوائری کے خلاف عمران خان کی درخواست خارج کرنےکی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کسی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے ’کلین ہینڈز‘ کے ساتھ ہائیکورٹ سےرجوع نہیں کیا ہے۔ ان کو سوال نامہ بھی بھیجا  گیامگر سوالات کا جواب نہیں دیا گیا۔

نیب نے اپنے جواب میں کہا کہ عمران خان طلبی کے نوٹس پرنیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں۔ عمران خان کو قانون کے مطابق نوٹس بھیجا گیا سوالات بھی پوچھے لیکن عمران خان نےجو جواب بھیجا اسے جواب نہیں کہا جاسکتا، وہ جان بوجھ کرمعاملے کو التوا میں ڈالنا چاہتے ہیں۔

نیب نے مزید کہا ہےکہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے 58  تحائف رکھے ہیں۔ عمران خان نے اور ان کی اہلیہ بشری بی بی نے 14 کروڑ سے زائد کے تحائف 3 کروڑ 80 لاکھ میں رکھے ہیں۔ عمران خان نے معلومات دینے کے بجائے ٹال مٹول والا جواب بھیجا لہٰذا عمران خان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔