36

مولانا ہدایت الرحمان کی گرفتاری کو 100 دن ہوگئے انہیں رہا کیا جائے:سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہےکہ بلوچستان میں مولانا ہدایت الرحمان کی گرفتاری کو 100 دن ہوگئے انہیں فوری رہا کیا جائے۔

 امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان نے گوادر کے ماہی گیروں کے لیے احتجاج کیا تھا، بلوچستان میں مکمل امن اور سی پیک کی تکمیل چاہتے ہیں، مولانا ہدایت الرحمان کو فوری رہا کیا جائے، مولانا ہدایت الرحمان سے یکجہتی کے لیے یکم مئی کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائےگا۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی بحران ہے، جس کی وجہ سے معاشی بحران ہے، ادارے بھی آپس میں تقسیم ہیں،کسی ایک صوبے میں الیکشن مسائل کا حل نہیں، صرف ایک صوبے میں الیکشن ہونے سے فساد ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن 23 کروڑ  عوام کا مسئلہ ہے،  پنجاب میں اکیلے الیکشن کو کوئی قبول نہیں کرےگا، سیاسی جماعتوں سے الیکشن پر بات کر رہے ہیں، عید کے بعد رابطےکرکے الیکشن کے لیے ساز گار  ماحول پیدا  کریں گے۔