26

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا فیصلہ، سپریم کورٹ نے لارجر بینچ تشکیل دیدیا

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے پر چھ رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن چھ رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے جبکہ بینچ میں جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی شامل ہیں۔

کیس کی سماعت آج ہی دو بجے کی جائے گی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں بنایا گیا بینچ کا روسٹر رجسڑار عشرت علی کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔

قبل ازیں، سپریم کورٹ نے الیکشن التوا کیس کے فیصلے میں کہا تھا کہ عدالت میں دیگر معاملات کو بھی اٹھایا گیا۔ عدالتی کارروائی چلانے سے 2 ججز نے معذرت کی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جو فیصلہ کیا، اس کا ہمارے بینچ پر کوئی اثر نہیں۔

واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 29 مارچ کو ازخود نوٹس اور آئینی اہمیت کے مقدمات پر سماعت مؤخر کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔

عدالت کے 3 رکنی بینچ نے مذکورہ تحریری حکم حافظ قرآن کو اضافی نمبر دینے کے کیس میں جاری کیا، 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے تحریر کیا، جس سے جسٹس شاہد وحید نے اختلاف کیا تھا۔