28

سینیٹ میں سود کے خاتمے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور

ایوان بالا سود کے خاتمے کیلئے ایک ہو گیا۔ سینیٹ نے سود کے خاتمے سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ وزیرمملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

وزیرمملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ملک کی معیشت سود فری ہو ، حکومت سود کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔

تحریک انصاف کےسینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر ایک خط گردش کر رہا ہے جو بھارت کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھا گیا اس کو بھی چھپایا جا رہا ہے خط کی بھی ڈیڈلائنز ہیں، اس خط پر ایوان میں وضاحت کی جائے۔

سینیٹر پلوشہ نے ایوان کی توجہ بھارت میں مسلمانوں ، سکھوں اور دیگر اقلیتوں پر مظالم کی جانب مبذول کرائی ۔ چیئرمین نے ہدایت کہ کہ مودی سرکار کیخلاف قرارداد کا ڈرافٹ تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے نکتہ اٹھایا کہ انہوں نےدو ماہ پہلےآرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع ختم کرنے کا بل جمع کرایا تھا ، اس پر کوئی اعتراض نہیں لگا پھر بھی ایجنڈے پر نہیں لگایا جا رہا۔