اسلام آباد: روس نے پاکستان کو مسافر بردار طیارے فروخت کرنے کی پیشکش کردی۔
شہری ہوا بازی کے ذرائع کے مطابق روس نے دنیا کا ایک جدید ترین درمیانی جسامت کا جیٹ طیارہ تیار کرلیا ہے جس میں سو نشستیں ہیں جب کہ روسی طیارہ ساز کمپنی نے اپنا جدید ترین طیارہ جمعہ کے روز خصوصی انتظام کے ساتھ بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرایا۔
خصوصی طیارے میں روسی طیارہ ساز کمپنی کے سنیئر عہدیدار روسی حکام بھی آئے، بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پروزیراعظم پاکستان کےخصوصی مشیر برائے ایوی ایشن ڈویژن سردار مہتاب خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ طیارے کا معائنہ کیا۔
روسی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سے سردار مہتاب خان اور ان کے رفقا کو جن میں وفاقی سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن عرفان الٰہی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول پی آئی اے کے سنیئر پائلٹ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عہدیدار نے روسی وفد سے اس طیارے کے بارے میں مذاکرات کئے فریقین نے ایک دوسرے سے استفسارات کا جامع تسلی بخش جواب دیا۔
پاکستانی ٹیم کے سربراہ سردار مہتاب خان عباسی نے روسی وفد کے سربراہ سے کہا کہ ہمارے ماہرین اس طیارے کے تمام پہلوؤں اور اپنی ضروریات کا ملحوظ رکھ کر حتمی فیصلہ کرینگے، اس کے ٹیکنیکل پہلوؤں کا مطالعہ کرینگے۔
روسی وفد نے وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے ایوی ایشن ڈویژن کے خیالات سے مکمل اتفاق کیا اور کہا کہ اپنے دوست ملک پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں پہلی بار روسی ساختہ مسافر بردار جیٹ طیارے کی شمولیت کے دل و جان سے خواہاں ہیں۔