305

فکسنگ اسکینڈل میں سلمان بٹ کو کلین چٹ ملنے کا امکان روشن ہو گیا

لاہور: عجمان آل اسٹارز لیگ اسکینڈل میں سلمان بٹ کو کلین چٹ ملنے کا امکان روشن ہوگیا۔

فکسنگ الزامات کی زد میں آنے والی عجمان آل اسٹارز لیگ اسکینڈل میں سلمان بٹ کا نام بھی آیا،اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ اوپنر کا کہنا تھا کہ صرف 2میچز میں شرکت کے بعد ہی مشکوک سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ایونٹ چھوڑ کر دبئی آگیا تھا، اب اس کیس میں سلمان بٹ کو کلین چٹ ملنے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اوپنر نے پی سی بی کو مشکوک ایونٹ سے مطلع کردیا تھا، بعد ازاں معاملہ سامنے آنے پر آئی سی سی نے ان کا انٹرویو بھی کیا،بورڈ حکام کا خیال ہے کہ سلمان بٹ کا عجمان میں ہونے والے واقعات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا، امکان یہی ہے کہ انھیں مزید کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

دوسری جانب سابق کپتان نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کیلیے پی سی بی سے این او سی بھی مانگ لیا جس پر غور کیا جارہا ہے،قومی ون ڈے کپ میں لاہور ٹیم کی طرف سے منتخب نہ کیے جانے پر کسی مصروفیت کے متلاشی سلمان بٹ بنگلادیش میں اس ایونٹ کا حصہ بننے کیلیے بے قرار ہیں جب کہ عجمان اور اس سے قبل یوگینڈا لیگ میں ہونے والے تلخ تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی کرکٹرز کو این او سی دینے میں انتہائی محتاط رویہ اختیار کرسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ڈھاکا پریمیئر لیگ کا آغاز پیر سے ہونا ہے جب کہ اس ایونٹ میں 50اوورز کے میچز کھیلے جاتے ہیں۔