پشاور۔ڈالر مہنگا ہونے کے ساتھ ہی چاول اور چینی کی قیمتیں بڑھادی گئی ہیں چاول 120روپے سے 150روپے فی کلو ٗ چینی 50سے 55روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ مرغی فی کلو 170روپے کی فروخت کی جا رہی ہے عام آدمی کے زیر استعمال باسمتی چاول اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد مارکیٹ میں مزیداضافہ کے افواہوں کے پیش نظر اس کا سٹاک جمع کرنا شروع کردیا گیاہے تاکہ اسے مزیدمہنگے داموں فروخت کیا جا سکے تاجروں کے مطابق چینی اور چاول کی قیمتوں میں اضافہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے کیا جا رہاہے جبکہ ایکسپورٹروں کے مطابق عالمی طلب بڑھنے سے چاول کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔
رائس ملز مالکان نے برآمدات میں اضافہ اورڈالر مہنگا ہونے کی آڑ میں چاول کی قیمت میں فی کلو 30 روپے فی کلو تک اضافہ کردیاہے چینی کی قیمت میں پانچ روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں اضافہ کے باعث سونے کی قیمت میں 300 روپے فی تولہ اضافہ ہو گیا ہے جبکہ دیگرغیرملکی کرنسیوں کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے صوبائی دارالحکومت میں ڈالر کے کاروبار کرنے والے ارب پتی بن گئے ہیں شہر میں ڈالر کی خریدو فروخت میں جزوی طور پرکمی آ گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی جبکہ پاکستان میں اضافہ ہوا ہے ملکی صرافہ مارکیٹ عالمی مارکیٹوں سے منسلک ہے لیکن ڈالر نے سونے کی گرتی ہو ئی قیمتوں کو مزید بلند کردیاہے ڈالر مہنگا ہونے پر سونا کی قیمتوں میں بھی تین سو روپے فی تولہ کا اضافہ ہوا ہے اور سونا فی تولہ 54ہزار 200روپے کا ہو گیا ہے جبکہ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے عالمی مارکیٹ میں سونا دوڈالر کمی سے 1242ڈالر فی اونس پرآ گیا ہے ۔