32

سرفراز کی سینچری نے کراچی ٹیسٹ کو دلچسپ بنادیا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے آخری روز 319 رنز  کے تعاقب میں شاہینوں کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکسان نے اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنا لیے ہیں، سرفراز  احمد نے اپنے  کیرئیر کے 50 ویں ٹیسٹ میں سنچری اسکور کر کے میچ کو یادگار بنایا اور وہ 100 رنز  کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ سعود شکیل 32 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے، دونوں بیٹرز کے درمیان 123 رنز کی شراکت ہوئی۔ 

پاکستان کو جیت کے لیے مزید 111 رنز درکار ہیں اور اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں، سرفراز احمد کا ساتھ دینے کے لیے سلمان علی آغا وکٹ پر آئے ہیں۔

آج آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی امام الحق تھے جو ایک بار پھر آگے بڑھ کر شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اش سودی کی گیند پر بولڈ ہوئے، انہوں نے 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف وکٹ ملنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو کرک انفو

پاکستان کی چوتھی وکٹ 77 رنز پر گری جب بابر اعظم 27 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود بھی آگے بڑھ کر لمبی ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 319 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 2.5 اوورز میں بغیر کسی رن کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 408 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔