283

نیشنل اسٹیدیم کراچی میں پی ایس ایل فائنل سے قبل سیکیورٹی ریہرسل کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے سیکیورٹی انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل 11 فروری کو کرنے کااعلان کردیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اس فل ڈرس ریہر سل کی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، براڈ کاسٹر اور سیکیورٹی ماہرین باریک بینی سے نگرانی کریں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والی ریہرسل کے بعد فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کو سفارشات دی جائیں گی جو پی ایس ایل فائنل میں غیرملکی کھلاڑیوں کو حصہ لینے کے لیے اجازت کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے شیڈول کے مطابق رواں سال ٹورنامنٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی نے تمام متعلقہ حکام کا انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے دفتر میں باہمی تعاون کے لیے ایک اجلاس طلب کرلیا ہے جہاں نیشنل اسٹیڈیم کے جنرل منیجر اور ڈائریکٹر سیکیورٹی بھی موجود ہوں گے۔

خط کے مطابق 'فوج، خفیہ ایجنسیوں، رینجرز، کمشنر کراچی، ڈی جی پروٹوکول، اے ایس ایف، سی اے اے، ڈی جی ہیلتھ، کے ای ایس سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کو بھی اجلاس میں شرکت کے لیے کہا گیا ہے'۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا جہاں متعدد غیرملکی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی تاہم انگلینڈ کے سابق نامور بلے باز کیون پیٹرسن سمیت چند مشہور کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے معذرت کی تاہم اس میچ کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل گئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے اس میچ کے لیے سخت سیکیورٹی کا انتظام کیا گیا تھا اور اس میچ میں شرکت کے لیے ویسٹ انڈیز کے چمپیئن سابق کپتان ڈیرن سیمی کے علاوہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، زمبابوے اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی آئے تھے۔

جس کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈیوپلیسی، ہاشم آملہ سمیت مشہور کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور تینوں میچ لاہور میں کھیلے گئے تھے۔

بعد ازاں سری لنکا کی ٹیم بھی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے لاہور آئی تھی اور اب پی ایس ایل 2018 کے فائنل کے بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے باقاعدہ کھلنے کی امید کی جارہی ہے۔