46

جمعے کو دما دم مست قلندر ہو گا، عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جمعے کو دما دم مست قلندر ہو گا۔

زمان پارک لاہور میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان سے سرگودھا ، خوشاب اور جھنگ کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔

ارکان اسمبلی سے گفتگو کے دوران عمران خان نے کہا کہ پرویز الہی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، پرویز الہی اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ لے لیتے ہیں۔ مونس الہی نے بھی ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے، ہم جب کہیں گے پرویز الہی سمری بھجوا دیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کے لئے سب کی ایک ہی رائے ہے اور جمعہ کو اسمبلیاں توڑدی جائیں گی۔

اس سے قبل اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ معیشت کا جنازہ نکالنے کے علاوہ یہ امپورٹڈ سرکار چمن سے سوات، لکّی مروت اور بنوں تک پیش آنے والے واقعات کی شکل میں پاکستان میں دہشت گردی کی شرح میں 50 فیصد اضافے سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران تو افغانستان میں دوست حکومت کے باوجود پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر ہونے والے حملے روکنے میں بھی ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ ایسےمیں جب ہمارے جوان، پولیس اہلکار اور مقامی لوگ روزمرّہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات اور مغربی سرحد سے کئے جانے والے حملوں میں اضافہ مجرموں کی اس سرکار کے بیانیے میں جگہ تک نہیں پا رہا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ساری توانائیاں این آر او 2 اور اس کے تحفظ پر مرکوز ہیں۔ سیاسی استحکام ہی معیشت مستحکم کرنے کا واحد کلیہ ہے لیکن معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات کے انعقاد سے گھبرا رہے ہیں۔