42

پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی، پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی۔

پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر پرویز الٰہی نے سابق وزیراعظم عمران خان سے زمان پارک لاہور میں ملاقات کی  جس میں مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی شریک تھے۔ 

ملاقات کے بعد اپنی ٹوئٹ میں پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ عمران خان کے ہر فیصلے کا ساتھ دیں گے۔

پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل پر رائے دیدی، عمران خان کی پارٹی رہنماؤں سے مشاورت

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عمران خان کی امانت ہے اور یہ امانت انہیں واپس کر دی ہے، عمران خان نےمخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے اورافواہیں پھیلانے والے پہلے کی طرح اب بھی ناکام رہیں گے۔

 اس حوالے سے مونس الٰہی کا کہنا تھاکہ عمران خان کی آواز پر لبیک کہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

دوسری جانب عمران خان نے زمان پارک کی بیٹھک میں ق لیگ کو حال اور مستقبل کا اتحادی قرار دے دیا  اور جلسے میں ساتھ بیٹھنے کی بھی دعوت دے دی۔

اُدھر ن لیگ نے بھی وزيراعلیٰ، اسپیکر اور ڈّپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپوزیشن اتحاد کے 180 ارکان نے لکھ کر فیصلہ سنا دیا اور تحریک عدم اعتماد پیر کو جمع کرانے کا فیصلہ کیا۔

ن لیگ نے پلان اے، بی اور سی بھی تیار کرلیے ہیں۔ 

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اسمبلی توڑنے کی تاریخ دیں گے یا اعلان کرنے کی تاریخ بتائیں گے؟ اس کا فیصلہ کچھ دیر میں جلسے میں سنائیں گے۔