45

پی ٹی آئی سے مذاکرات؛ حکومت نے اپنی شرائط بتا ديں

حکومت نے صدر مملکت عارف علوی کے ذریعے عمران خان کو اپنی شرائط سے آگاہ کردیا ہے۔

وفاقی حکومت اور تحريک انصاف کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، اور اس میں اہم کردار صدر مملکت عارف علوی ادا کررہے ہیں، حکومت کی جانب سے وزیرخزانہ اسحاق ڈار صدر سے دو ملاقاتیں کرچکے ہیں، جب کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی شبلی فراز کو اپنا نمائندہ بنا کر ایوان صدر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

حکومت اور پی ٹی آئی کے بیک ڈور مذاکرات کے حوالے سے اب خبر آئی ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی قیادت کو اپنی شرائط بتا دی ہیں اور صدر مملکت کے ذریعے عمران خان کو آئینی بحران سے بچنے کا پيغام بھجوا ديا ہے۔

وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی قیادت سے خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کا معاملہ مؤخر کرنے پر زور دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت الیکشن سے متعلق معاملات پارلیمنٹ میں حل کرنے کی خواہاں ہے اوراسی لئے حکومت نے پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں واپس آنے کی دعوت دے دی ہے۔

حکومت نے پیغام دیا ہے کہ معاشی صورتحال خراب ہے، اگر مل کر چلا جائے تو سب کیلئے بہتر ہوگا، اور اگر پی ٹی آئی کے لوگ لچک کا مظاہرہ کریں گے تو ہم بھی لچک دکھائیں۔

دوسری جانب آج سینیٹر شبلی فراز عمران خان کی جانب سے ایوان صدر پہنچیں گے اور پی ٹی آئی چیئرمین کا اہم پیغام صدر مملکت تک پہنچائیں گے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی بھی صدر مملکت عارف علوی سے جلد ایک اور ملاقات ہوگی، جس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں پر قائم مقدمات کا معاملہ بھی زير بحث آئے گا۔