60

سائفر آڈیو لیک معاملہ؛ ایف آئی اے میں عمران خان کی طلبی کے نوٹس معطل

لاہور ہائیکورٹ نے سائفر آڈیو لیک معاملے پر ایف آئی اے میں عمران خان کی طلبی کے نوٹسز معطل کردیے۔

لاہور ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس اسجد جاوید گھرال نے سائفر آڈیو لیک معاملے پر ایف آئی اے میں عمران خان کی طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان نے اپنی درخواست میں ایف آئی اے، وفاقی حکومت اور تفتیشی افسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سائفر معاملے میں عمران خان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔ ایف آئی اے نے اس معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں مزید کہا گیا تھا ایف آئی اے نے سائفر کے معاملے پر بیان قلم بند کرانے کے لیے طلب کررکھا ہے، سائفر انکوائری کو پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل کا موقف سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے ایف آئی اے میں عمران خان کی طلبی کے نوٹسز معطل کردیے۔

عدالت عالیہ نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کردی۔