43

کراچی میں پیپلز پارٹی کا میئرمنتخب ہوگا، بلاول

کراچی: وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے اپنا میئر منتخب کراکے کراچی کے مسائل حل کرانا ہمارا حق ہے۔ 

55 ویں یوم تاسیس پر نشترپارک میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ اسی میدان میں بیٹھا ہوا ایک جیالا اس شہر کا میئر منتخب ہوگا، ہم نے ہر طبقے کو معاشی انصاف دلایا ہے، پیپلز پارٹی نے ایک دو نہیں تین آمروں کو بھگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نفرت، انتشار کی سیاست پر یقین رکھتی، پیپلز پارٹی امید اور یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جنگ ہاری ہوئی قوم کو ذوالفقار علی بھٹو نے امید دی۔

وزیر خارجہ نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے جیالوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان نیازی کے ناک کے نیچے سے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنگ ہارنے کے بعد 5 ہزار مربع کلومیٹر اراضی ہمارے دشمنوں کے پاس تھی لیکن ذوالفقار علی بھٹو کی کاوش کے نتیجے میں وہ زمین پاکستان کو واپس ملی اور آج اسی زمین سے ’’کالا سونا‘‘ تھر کا کوئلہ نکل رہا ہے اور فیصل آباد کی جو صنعتیں ہیں وہ اسی سرزمین کے کوئلہ سے بجلی پیدا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس فوجی ناکامی کے بعد 90 ہزار جنگی قیدی ہمارے دشمن کے کیمپ میں تھے لیکن ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی سیاست، دانش مندی، کامیاب خارجہ پالیسی سے وہ جنگی قیدی پاکستان واپس لے آئے۔