141

جنرل عاصم منیر کمان سنبھال کرپاک فوج کے 17 ویں سربراہ بن گئے

 راولپنڈی: جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی، جس کے بعد وہ پاک فوج کے 17 ویں سربراہ بن گئے ہیں۔

پاک فوج میں کمان تبدیلی کی تقریب جی ایچ کیو میں ہوئی، جس کے آغاز پر ریٹائر ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سب سے پہلے یادگار شہدا پر حاضری دی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے جی ایچ کی آمد پر یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد سابق آرمی چیف نے خطاب کیا۔ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کی۔

کمان تبدیلی کی تقریب میں نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر فور اسٹار جنرل کے شولڈر رینکس اور کالر میڈل لگائے ہوئے شریک ہوئے۔ اہم تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان، سینئرحاضرسروس اورریٹائرڈفوجی افسران ، ان کی فیملیزکے علاوہ وفاقی سیکرٹریز اور دیگر مہمان بھی شریک تھے۔

اس موقع پر راولپنڈی میں مخصوص علاقوں میں میٹرو بس اور موبائل فون سروس بھی بند کی گئی جب کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔