46

عمران خان کو بلٹ پروف جیکٹ استعمال کرنے کا مشورہ

راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو تحریری طور پر اہم سیکورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا۔

ہدایات تحریری طور پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کو دی گئی ہیں، جن کے مطابق وی آئی پی کی سیکورٹی کے لئے ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ہدایات کے مطابق جلسے میں بلٹ پروف روسٹرم اور اسٹیج لازمی ہے۔ عمران خان بلٹ پروف جیکٹ بھی لازماً استعمال کریں اور کسی عوامی مقام پر گاڑی سے باہر نہ نکلیں۔

روایت کے برعکس عمران خان کی نقل و حرکت کو خفیہ رکھا جائے۔ مجوزہ گاڑی/پیدل روٹ کے علاوہ راستہ استعمال نہ کیا جائے۔ وہ کسی مقام پر عوام سے ملاقات نہیں کریں گے۔

وی آئی پی سیکورٹی افسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ میں رہ کر نقل و حرکت کریں۔ وی آئی پی کی گاڑی کی پارکنگ الگ اور مخصوص ہو گی۔

اسٹیج پر نقل و حرکت محدود رکھی جائے اور شرکاء کی فہرست پہلے سے انتظامیہ کو فراہم کی جائے، جس کے علاوہ کوئی بھی اسٹیج پر نہیں جا سکے گا۔

جلسہ گاہ اور مارچ میں کوئی مسلح پرائیویٹ گارڈ/گن مین نہیں ہو گا۔ تمام شرکاء مجوزہ مقام سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے۔ ڈرون کیمرہ کے استعمال/آتش بازی پر مکمل پابندی ہو گی۔

خواتین کے لئے الگ اور مناسب جگہ مختص کی جائے۔ کارکنوں کو کسی عمارت کی چھت پر چڑھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

عمران خان کے اسٹیج کو بنکر میں تبدیل کردیا گیا ہے اور وہ اسٹیج پر بلٹ پروف شیشے کے پیچھے بیٹھیں گے اور بلٹ پروف ڈائس سے خطاب کریں گے۔

عمران خان اور شرکاء میں آدھے کلومیٹر کا فاصلہ رکھا گیا ہے۔ شرکاء عمران خان کو بڑی اسکرینوں پر دیکھ اور سن سکیں گے۔ سیکورٹی کے لیے اسٹیج کے دونوں اطراف اضافی کنٹینرز لگا دئیے گے

راولپنڈی پولیس کے سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری، ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان سیکورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

ایلیٹ کمانڈوز، ڈولفن فورس، ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر یونٹس کے 10 ہزار کے قریب افسران و اہلکار سیکورٹی و ٹریفک فرائض سر انجام دے رہے ہیں،

جلسہ گاہ اور گردونواح میں ایلیٹ کمانڈوز اور ڈولفن فورس کی خصوصی ٹیمیں گشت کر رہی ہیں۔

چھتوں پر 200 سے زائد ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے ہیں۔ 100سے زائد مقامات پر خصوصی پکٹس پر چیکنگ کی جا رہی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔