32

کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ کے قیام کوآج 10 سال مکمل

کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ کے قیام کی دسویں سالگرہ کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں 167طلباء کو ایم بی اے، ایگزیکٹو ایم بی اے اور ایم ایس بزنس اینالیٹکس پروگرامز میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

تقریب میں کے ایس بی ایل کے بانی و چیئرمین حسین داؤد، بورڈ آف گورنرز کے ممبران، بورڈ آف ٹرسٹیزکے ممبران، گریجویشن کرنے والے طلباء اور ان کے اہل خانہ اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔اسکول کے بانی و چیئرمین حسین داؤد نے حاضرین کو مبارکباد پیش کی اورگریجویشن کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید سیکھنے کا عمل جاری رکھیں اور مستقبل میں اپنی کوششوں میں عاجزی اختیار کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

طلباء کی کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے اور اُنھیں معاشرے کی بہتری کیلئے ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کی ترغیب دیتے ہوئے تقریب کے کلیدی مقرر اور انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈاکٹر عبدالباری خان نے خدمت خلق اور انسان دوستی کے حوالے سے اپنی زندگی کا سفر بیان کیا۔ 

اسکول کے ریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، مبشر حمید نے KSBL سے گریجویشن کرنے والے تمام طلباء کو سراہتے ہوئے کہا انہیں طلباء کی کامیابیوں پر فخر ہے، خوشی کے اس موقع پر آپ کے جوش و جذبے اور مستقبل کی مزید کامیابیوں پر آپ کی خوشی میں برابر کے شریک ہیں اور یقین ہے کہ آپ کو حقیقی قیادت کی روشن مثال بننے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔