59

لکی مروت میں پولیس موبائل پر فائرنگ ،اے ایس آئی سمیت 6 اہلکار شہید، وزیراعظم اور صدر کی مذمت

لکی مروت )پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت 6 اہلکار شہید ہو گئے۔

نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے مطابق پولیس موبائل وین تھانہ ڈاڈیوالا کی حدود میں گشت کر رہی تھی کہ اچانک دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، فائرنگ سے 6 اہلکار شہید ہو گئے،پولیس کاکہناہے کہ شہید ہونے والوں میں اے ایس آئی سمیت 6 اہلکار شامل ہیں ۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر عارف علوی نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور شہداکو خراج عقیدت پیش کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ مادر وطن پر جان قربان کرنے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ،دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں،پورا پاکستان دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگا ۔

 

وزیراعظم نے کہاکہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف ہراول دستے کا قابل فخر کردار ادا کیا ہے ،خیبرپختونخوا حکومت شہدا کو اعزازات اور شہدا پیکج دے۔

صدر عارف علوی نے واقعے میں پولیس اہلکاروں کی شہادتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی ، ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ۔