31

ٹی20 ورلڈکپ؛ پاکستان اور جنوبی افریقہ کا میچ 14 اوورز تک محدود کردیا گیا

سڈنی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے بارش سے متاثرہ 24 ویں اور اہم میچ کو 14 اوورز تک محدود کردیا گیا۔

سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز اسکور کیے۔قومی ٹیم کے اوپنرز ایک بار پھر ناکام رہے، کپتان بابراعظم نے 15 گیندوں پر 6 جبکہ محمد رضوان 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

نوجوان بیٹر محمد حارث نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 11 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز اسکور کیے، دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود 2، محمد نواز 28، محمد وسیم جونئیر 0 پر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد اور شاداب خان نے 82 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالا، دونوں نے بالترتیب 51 اور 52 رن کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے اینریچ نورٹجے نے 4، لونگی نگیڈی، وین پارنیل،کاگیسو ربادا اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، اوپنر کوئنٹن ڈی کوک صفر، ریلی روسو 7، ایڈن مارکرم 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان ٹیمبا بووما نے 36 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کا اسکواڈ:

کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف

جنوبی افریقہ کا اسکواڈ

کپتان ٹیمبا بووما، کوئنٹن ڈی کوک، ریلی روسو، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسن، ٹرسٹن اسٹبس، وین پارنیل، کاگیسو ربادا، اینریچ نورٹجے، لونگی نگیڈی