31

ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے ممکنہ فوائد

ضیاء الحسن ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کے فروغ کیلئے ہونیوالی مالی معاونت پر نظر رکھنے والا ایک عالمی ادارہ ہے، پاکستان کو جون 2018ء میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ کا حصہ بنایا گیا تھا جس کے بعد بارہا یہ خبر بھی سننے کو ملی کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا لیکن صد شکر کہ ایسا نہ ہوا اور 4 سال تک گرے لسٹ میں رہنے کے بعد پاکستان بالآخر ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔

لیکن یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ 4 سال کی انتھک محنت اور ایف اے ٹی ایف کی کڑی شرائط مکمل کرنے کے بعد کیا واقعی گرے لسٹ سے نکلنے کا پاکستان کو کوئی فائدہ ہوگا؟۔

پاکستان کو ایف اے ٹی ایف سے ملی سفارشات پر مکمل عمل کرنے میں 4 سال لگے، ان 4 سالوں میں ٹاسک فورس کی 34 سفارشات پر عملدرآمد کیا گیا۔

معیشت کی بہتری اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے مواقع

معاشی ماہرین کے مطابق گرے لسٹ سے پاکستان کے اخراج کا ایک فائدہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کی شکل میں دیکھنے کو ملے گا۔ مختلف ممالک سے سرمایہ کاری ممکن ہوگی اور پاکستان کے معاشی اداروں پر اعتماد کی بحالی میں مدد ملے گی۔

پاکستان چونکہ اب صرف ریگولر مانیٹرنگ کے زمرے میں ڈالا گیا ہے، اس لئے وہ کڑی نگرانی جو گرے لسٹ میں ہوتے ہوئے کی جا رہی تھی اب نہیں ہوگی، تاہم اس کے باوجود پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر پابندی سے عمل کرنا ہوگا۔

پاکستان کا بینکنگ سیکٹر گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد مضبوط ہوگا اور جو ادارے اس سے قبل پاکستان میں سرمایہ کاری نہیں کر رہے تھے وہ سرمایہ کاری کریں گے، جس سے براہ راست پاکستان کی معیشت پر مثبت اثر پڑے گا اور پاکستان کے معاشی حالات میں وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آئے گی۔

کیا گرے لسٹ سے پاکستان کا اخراج مستقل ہے؟

پاکستان کو مستقل طور پر گرے لسٹ سے باہر رہنے کیلئے منی لاڈرنگ اور داخلی سطح پر عالمی پابندیوں کے نیچے آئی تنظیموں کا بندوبست بھی کرنا ہوگا۔ پاکستان کو اگر دوبارہ انہی حالات کا سامنا کرنا پڑا جن کی بدولت اسے گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا تو خدشہ ہے کہ پاکستان کو واپس ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل کردیا جائے گا۔

پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے میں ان تمام اداروں اور افراد کی محنت شامل ہے، جنہوں نے فنانشل ایکشن ٹسک فورس کی جانب سے دی گئی 34 سفارشات پر عمل کرکے پاکستان کے اخراج کو ممکن بنایا۔