228

ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، پاکستان اور بابر اعظم سرِ فہرست

نیوزی لینڈ کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں 3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دینے کے بعد جہاں پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک بن گیا وہیں پاکستان کے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم بھی عالمی نمبر ایک بلے باز بن گئے۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 54.50 کی اوسط سے سب سے زیادہ 109 رنز اسکور کیے تھے جہاں ان کا بہترین اسکور 50 رنز رہا۔

سیریز میں اچھی کارکردگی کے بعد آئی سی سی کی نئی درجہ بندی کے مطابق بابر اعظم آسٹریلیا کے ایرون فنچ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 786 پوائنٹس کے ساتھ عالمی نمبر ایک بیٹسمین بن گئے جبکہ ایرون فنچ 784 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

— فوٹو، اسکرین شاٹ

بلے بازوں کی فہرست میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی 776 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کولن منرو 773 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

خیال رہے فہرست میں بابر اعظم کے علاوہ کوئی دوسرا پاکستانی بیٹسمین ابتدائی 20 کھلاڑیوں میں بھی شامل نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ کے اسپنر مچل سینٹنر 718 پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میں سرِ فہرست باؤلر بن گئے جبکہ افغانستان کے نوجوان اسپنر راشد خان 717 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی باؤلرز رینکنگ میں پاکستان کا کوئی گیند باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں تاہم شاداب خان 14ویں نمبر پر موجود ہیں۔

— فوٹو، اسکرین شاٹ

پاکستان آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی ایسی ہی صورتحال کا شکار ہے جہاں کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔

آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے مایہ ناز کھلاڑی شکیب الحسن پہلے، آسٹریلیا کے گلین میکس ویل دوسرے اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اس فہرست میں 12ویں نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز (28 جنوری کو) تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں شکست دے کر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھارت کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کی شکست کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آ گئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ دوسرے نمبر پر چلی گئی تھی۔

بعدِ ازاں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی سیریز سے قبل ویسٹ انڈیز کو 0-2 سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی تھی۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آغاز سے قبل نیوزی لینڈ 126 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور پاکستان ٹیم 124 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرز پر موجود تھا تاہم سیریز میں 1-2 سے فتح کے بعد پاکستان 126 کے ساتھ پہلے جبکہ نیوزی لینڈ 123 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرز پر چلا گیا۔