37

عمران خان کے جو بائیڈن سے 2 سوال

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں سے متعلق بیان پر امریکی صدر جو بائیڈن سے 2 سوال پوچھے ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ امریکا کے صدر کس معلومات پر ہماری جوہری صلاحیت کے بارے میں اس غیر ضروری نتیجے پر پہنچے ہیں جب کہ وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد میں جانتا ہوں کہ ہمارے پاس سب سے محفوظ جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ہے؟

عمران خان نے اپنے دوسرے سوال میں جو بائیڈن سے پوچھا ہے کہ امریکا دنیا بھر میں جنگوں میں ملوث رہا ہے لیکن پاکستان نے کب جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے خاص طور پر ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے بعد؟

سابق وزیر اعظم نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کا یہ بیان حکومت کی خارجہ پالیسی کی مکمل ناکامی اور اس کے ”امریکا کے ساتھ تعلقات کی بحالی“ کے دعوؤں کی حقیقت کو ظاہر کرتا ہے؟ کیا یہ ”بحالی“ ہے؟ موجودہ حکومت نے نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میری سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ موجودہ حکومت ہمیں معاشی تباہی کی طرف لے جانے اور اپنے لیے این آر او 2 (NRO2) کے ذریعے مجرموں کو ملک کو لوٹنے کا لائسنس دینے کے ساتھ ساتھ ہماری قومی سلامتی سے بھی مکمل طور پر سمجھوتہ کر لے گی۔