32

ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں،کسی کو بھی پاکستان کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: آرمی چیف

کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، ہمیں ملک کی حفاظت،عزت اور بہتری کیلیے کام کرنا ہے،مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے لینے ہوں گے: کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس عظیم ادارے سے پاس آؤٹ ہونا آپ کیلیے اعزاز کی  بات ہے۔

آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ ایک عظیم بہادر فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ اس فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلیے بہت قربانیاں دیں۔ 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی۔ تب میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس عظیم فوج کو کمانڈ کروں گا۔

سپہ سالار کا مزید کہنا تھا کہ آگے کا سفر آپ کیلیے بہت سے چیلنجز لے کر آئے گا۔ آپ کو مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے لینے ہوں گے۔ ملک کی حفاظت،عزت اور بہتری کیلیے آپ کو کام کرنا ہے۔ آپ کو ملک کی سالمیت کیلیے قربانیاں دینا ہوں گی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ہم ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کیلیے ہروقت تیار ہیں۔ ملک کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔ ہم کسی کو بھی اپنے ملک کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔