36

پاکستانی معیشت کو 40 ارب ڈالرز تک کا نقصان

عالمی بینک نے سیلاب سے پاکستانی معیشت کو 40 ارب ڈالر تک نقصانات کا تخمینہ ظاہر کردیا۔

پاکستان ڈیویلپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ 2022 میں عالمی بینک کا کہنا ہے کہ موجودہ مالی سال میں معاشی شرح نمو 5 فیصد کے بجائے 2 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے جبکہ اخراجات بڑھنے اور ٹیکس ریونیو میں کمی کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب کے باعث مہنگائی اور غربت کی شرح 4 فیصد تک بڑھ گئی ہے جبکہ خوراک اور توانائی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کی شرح 23 فیصد تک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹر کی پیداوار میں کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگلے سال سے کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے میں کمی متوقع ہے۔

رپورٹ میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ہنگامی معاشی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ورلڈ بینک پاکستان کو دو ارب ڈالر فراہم کرے گا،جن میں سے ایک ارب ڈالر فوری ملنے کا امکان ہے۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی مزید ہنگامی امداد میں تیزی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں، رپورٹ کے مطابق پاکستان کے قرضوں کی شرح رواں سال 71 اعشاریہ 7 فیصد ہے جو آئندہ سال بڑھ کر 71 اعشاریہ 9 فیصد ہوجائے گی۔