29

کرکٹ گراؤنڈ کرائے پر نہیں جاسکتے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرکٹ گراونڈز کو کرائے پر دینے سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے کرکٹ گراؤنڈز کی نیلامی پر ہائیکورٹ نے حکم دیتے ہوئے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو گراؤنڈز کرائے پر دینے سے روک دیا۔

وکیل قاضی عادل نے موقف اپنایا کہ ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کے پاس گراؤنڈز آؤٹ سورس کرنے کا اختیار نہیں، کرکٹ گراؤنڈز آؤٹ سورس کرنے سے شہریوں کو پیسے دے کر کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملتی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے کرکٹ گراؤنڈز کرائے پر دینے پر اسٹے آرڈر جبکہ سابق چیئرمین ایم سی آئی سردار مہتاب کی درخواست پر بھی حکم امتناع جاری کردیا۔

قبل ازیں میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے گراؤنڈز کرائے پر دینے کا منصوبہ بنایا تھا جس سے شہریوں کی مفت کرکٹ کھیلنے کی سہولت ختم ہوجاتی اور انہیں کرایہ دینا پڑتا۔