70

ورلڈکپ2021 کے بعد پاکستانی اوپنرز نے تین چوتھائی سے زائد گیندیں کھلیں

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بابراعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی پر اعتماد کا اظہار کردیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بابراعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ کیلئے بیک اَپ اوپنر کا نہیں سوچ رہے۔

ایک سوال کے جواب میں چیف سلیکٹر نے کہا کہ بابراعظم اور رضوان اسٹرائیک ریٹ میں بہتری کے حوالے سے تحفظات کو سمجھتا ہوں تاہم دونوں اوپنرز کے نمبرز پر نظر ڈالی جائے تو انہوں نے مستقل مزاجی کے ساتھ رنز بنائے ہیں۔

کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کو اننگز بناکر کھیلنے کے لیے جانا جاتا تاہم ٹی20 کرکٹ میں اوپنر پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپوزیشن پر دباؤ ڈالتا ہے جس میں دونوں بیٹرز ناکام رہے ہیں، جس کے باعث مڈل آرڈر پر رنز کا دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

سال 2020کے آغاز میں بابر اور رضوان کا پاور پلے میں اسٹرائیک ریٹ بالترتیب 115.68 اور 115.98 تھا، پاکستانی ٹیم کے ابتدائی تین بلےبازوں نے ورلڈکپ 2021 کے بعد تقریباً تین چوتھائی سے زائد گیندیں کھیلیں، جو تمام سائیڈز میں سب سے زیادہ ہیں۔

محمد وسیم نے ایشیاکپ میں پاکستان کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم رنز اَپ ٹیم ہیں، ہم نے آخری 13 میں سے 9 ٹی20 میچز جیتے ہیں جس میں بڑی ٹیموں کو شکست دی ہے، ایک برے کھیل سے کسی کو کچھ کہنا ناانصافی ہوگی۔